محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بدھ کی صبح صوبائی دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، جن میں دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کرم، مہمند، چترال، خیبر، اورکزئی، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ صوابی، مردان، مانسہرہ، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی آ سکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں درجہ حرارت کچھ یوں ریکارڈ کیا گیا:
پشاور: 38 ڈگری سینٹی گریڈ
ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں: 42 ڈگری
چترال: 39، میر کھنی چترال 41، دروش 40
دیر بالا: 37، دیر زیریں: 34
کالام: 29، مالم جبہ: 25 ڈگری سینٹی گریڈ
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلاب، بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔





