حماس نے قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی پر ثالثوں کو مثبت جواب دیدیا

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے قطر اور امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے نئے مجوزہ معاہدے پر مثبت جواب دے دیا ہے، جس کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔

بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق حماس نے بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق تجاویز پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اور اس حوالے سے مثبت جواب قطر اور مصر کو بطور ثالث فراہم کر دیا گیا ہے۔

حماس نے زور دیا ہے کہ تنظیم اس معاہدے پر سنجیدگی سے عمل درآمد کے لیے مذاکرات کے نئے مرحلے میں فوری شرکت کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل پہلے ہی جنگ بندی منصوبے کی منظوری دے چکا ہے، اور اگر حماس کی رضامندی برقرار رہی تو اسرائیلی وفد فوری طور پر مذاکرات کے لیے دوحہ روانہ ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی ایلچی نے حماس کی جنگ بندی کی پیشکش مسترد کر دی

اطلاعات کے مطابق امریکا چاہتا ہے کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم نیتن یاہو کے دورۂ واشنگٹن کے دوران جنگ بندی کا باضابطہ اعلان کیا جائے، جس کی ممکنہ طور پر امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ذاتی طور پر ضمانت اور اعلان کریں گے۔

ٹرمپ پہلے ہی اس بات کا دعویٰ کر چکے ہیں کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، اور اس دوران تمام فریق مل کر دیرپا امن کی کوششیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جنگ بندی کی ممکنہ تفصیلات میں شامل ہے کہ حماس 10 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی جبکہ 18 اسرائیلیوں کی لاشیں 3 مراحل میں واپس کی جائیں گی۔

بدلے میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی متوقع ہے، جن میں بعض وہ نام بھی شامل ہوں گے جن کی رہائی پر اسرائیل پہلے انکار کر چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تعریف وہ جو دشمن کرے، بھارتی ڈپٹی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہل سنگھ کا اعتراف شکست

حماس روزانہ 400 سے 600 انسانی امدادی ٹرک غزہ میں داخل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، جبکہ امداد کی تقسیم کے طریقۂ کار پر بھی اختلاف ہے۔

اسرائیل موجودہ امریکی کمپنی کے ذریعے امداد جاری رکھنا چاہتا ہے، جب کہ حماس اقوامِ متحدہ کے تحت تقسیم کا نظام بحال کرنے کی خواہاں ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب غزہ میں جاری انسانی بحران پر عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہو چکی ہیں۔

Scroll to Top