دیر لوئر کے علاقے درگئی میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد پانی میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیروشاہ خوڑ کو عبور کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔لیویز حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد مقامی رضاکاروں کی مدد سے واٹر سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دونوں لاشیں نکال لی گئیں۔ جاں بحق افراد میں 50 سالہ خاتون اور 12 سالہ لڑکا عبدالسلام شامل ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق ندی میں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بلند ہو گئی تھی۔
دوسری جانب پشاور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور شدید گرمی و حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ شہریوں نے بارش کو سکھ کا سانس قرار دیا، جبکہ کئی علاقوں میں نشیبی سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔





