بین الاقوامی تجارت پر دباؤ، امریکا نے جاپان اور جنوبی کوریا پر نئے ٹیکس عائد کر دیے

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر متعدد ممالک سے درآمدی اشیاء پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس فیصلے کا مقصد امریکی منڈی کو تحفظ دینا اور غیرمنصفانہ تجارتی رویوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے مختلف ممالک پر تجارتی ٹیکسوں سے متعلق خطوط سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے، جن میں یکم اگست سے نافذ کیے جانے والے ٹیرف کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان ٹیرف کا اطلاق جاپان اور جنوبی کوریا سمیت ایشیا، افریقہ اور یورپ کے متعدد ممالک پر ہوگا۔

امریکی صدر کے مطابق ان اقدامات کے تحت کئی ممالک کی مصنوعات پر 25 سے 40 فیصد تک درآمدی ٹیکس عائد کیا جائے گا، جن میں صنعتی، زرعی اور تیار شدہ اشیاء شامل ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ ٹیرف امریکی معیشت کو تحفظ فراہم کرنے اور مقامی صنعتوں کو مقابلے کے قابل بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے میں اہم پیش رفت، ٹیرف سے بچاؤ کی راہ ہموار

اس سے قبل پیر کے روز امریکی انتظامیہ نے ان اضافی ٹیرف کے نفاذ کی آخری تاریخ 9 جولائی سے بڑھا کر یکم اگست کر دی تھی تاکہ متعلقہ ممالک کو نئی پالیسیوں کے مطابق تیاری کا وقت دیا جا سکے۔

Scroll to Top