پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے بڈھ تھانے کے ایس ایچ او پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔ اُن کا کہنا ہے کہ بڈھ بیر میں پولیس نے ایف سی آر جیسے پرانے اور غیر انسانی رویے اپنا رکھے ہیں، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق پشاور پریس کلب میں علاقہ مکینوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ بڈھ تھانے کی پولیس چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکار بغیر وارنٹ گھروں میں داخل ہو رہے ہیں، اور علاقے کے مکینوں کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڈھ بیر پولیس نے مقامی آبادی کا جینا دوبھر کر دیا ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے قانون کا کوئی وجود ہی نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو فوری طور پر معطل کیا جائے، بصورت دیگر تحریک انصاف عوام کے ساتھ مل کر علاقے میں بھرپور احتجاج کرے گی۔
شاندانہ گلزار کے ان الزامات پر اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا گیا ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو معاملے کی مکمل انکوائری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سی سی پی او نے چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے، جنہیں 48 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آئی جی کے مطابق، “کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو متعلقہ پولیس افسر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔”
علاقہ مکینوں نے بھی پریس کانفرنس میں پولیس رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور حکومت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔





