پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مینارپاکستان لاہور میں بڑے عوامی جلسے کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (آج نیوز )کے مطابق اس حوالے سے پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو باقاعدہ درخواست جمع کروا دی ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق جلسے کا مقصد پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے عوامی رائے کو منظم اور مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ جلسے میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت، صوبائی اسمبلی کے اراکین اور دیگر رہنما شرکت کریں گے۔
شیخ امتیاز نے کہا کہ اگر کسی مجبوری کی بنا پر مینارِپاکستان پر جلسے کی اجازت ممکن نہ ہو تو متبادل مقام پر پرامن جلسے کی اجازت دی جائے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق جلسہ شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا اور اس میں کوئی غیر قانونی یا غیر جمہوری سرگرمی نہیں کی جائے گی۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ آئینی حق اور جمہوری اقدار کے مطابق عوامی آواز کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان تحریک انصاف کے لیے ہمیشہ سیاسی طور پر اہم مقام رہا ہے اور یہاں ایک بار پھر عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا تاکہ عمران خان کی رہائی اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے بھرپور آواز اٹھائی جا سکے۔
پی ٹی آئی لاہور کی قیادت نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری روایات کا احترام کرتے ہوئے جلسے کی منظوری دے تاکہ عوام اپنے آئینی حق کے تحت پرامن طریقے سے اظہارِ رائے کر سکیں۔





