پاکستان کی فضائی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جہاں چینی مسافر بردار طیارے اب ملکی فضاؤں میں اڑان بھریں گے۔
ابتدائی طور پر ان طیاروں کو چینی پائلٹ ہی آپریٹ کریں گے، جبکہ مسافروں کو ڈومیسٹک سفر پر کرایوں میں 40 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔
یہ انکشاف نجی ایئرلائن کے چیئرمین حنیف گوہر نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی طیارے ایئربس اور بوئنگ کے مقابلے میں نہ صرف قیمت میں نصف ہیں بلکہ ان کی آپریشنل لاگت بھی کم ہے، جس کا براہ راست فائدہ پاکستانی مسافروں کو پہنچے گا۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق انہوں نے کہا، ’’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں چینی ساختہ طیارے لائے جائیں گے اور انہیں چینی پائلٹس آپریٹ کریں گے۔ اس اقدام سے اندرونِ ملک سفر کرنے والوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی ممکن ہوگی۔‘‘
چیئرمین حنیف گوہر نے مزید بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) سے اس حوالے سے مثبت ردعمل موصول ہوا ہے، اور ان کے مطابق چینی طیاروں کے آپریشن پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اجازت ملنے کے بعد جلد ہی یہ طیارے باقاعدہ پروازیں شروع کر دیں گے۔
یہ پیش رفت پاکستان میں ہوا بازی کے شعبے میں ایک انقلابی قدم تصور کی جا رہی ہے، جو نہ صرف مسافروں کے لیے آسانی کا باعث بنے گی بلکہ ملکی ایوی ایشن انڈسٹری میں مسابقت کو بھی فروغ دے گی۔





