پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں امن کی بجائے انتشار کو ہوا دی، وفاقی وزیر احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لیے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو مینڈیٹ ملا ہوا ہے، لیکن امن و امان بہتر کرنے کی بجائے یہ پارٹی انتشار پھیلا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مسلسل لانگ مارچ اور اسلام آباد پر چڑھائی کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے، جبکہ صوبے میں امن و امان قائم کرنا مقامی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ن لیگ کی حکومت میں خیبرپختونخوا میں امن و امان قائم کیا جا چکا تھا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ وہ عناصر جنہیں ملک سے نکال دیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے انہیں واپس لا کر بسایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کام کرنے کے لیے وفاق سمیت تمام اداروں کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ جنگ میں بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے، اور بھارت اپنی شکست چھپانے کے لیے پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اپوزیشن اتحاد نے آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کر دیا

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ پورا ملک قومی معاملات میں یکجہتی رکھتا ہے، لیکن پی ٹی آئی کی حکومت اس یکجہتی کو قائم کرنے میں ناکام رہی، کیونکہ بانی پی ٹی آئی اپنے مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔

Scroll to Top