وانا(نورعلی )جنوبی وزیرستان اپر کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ نے 27 جولائی 2025، اتوار کے روز صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق جن علاقوں میں کرفیو نافذ ہوگا ان میں عزیز آباد چوک، مدیجان، مولے خان سرائے، بروند، سرویکئی تا بروند اور ان سے ملحقہ مقامات شامل ہیں۔
ان علاقوں میں تمام تجارتی سرگرمیاں، بازار، مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہیں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس دوران گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور پیدل افراد کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ صرف ہنگامی خدمات جیسے ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور سیکیورٹی فورسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یہ اقدام امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے ضروری سمجھا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کرفیو کے دوران ہر آنے جانے والے کی شناخت کی تصدیق کریں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو صدر مملکت نے نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کرتے ہوئے کرفیو کے دوران گھروں تک محدود رہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ علاقے میں امن بحال رکھا جا سکے۔





