تحریک انصاف کی قیادت کے گرد گھیرا تنگ، 41 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری،نام بارے پتا چل گیا

تحریک انصاف کی قیادت کے گرد گھیرا تنگ، 41 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری،نام بارے پتا چل گیا

پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کے گرد گرفت سخت ہو گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے 41 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری انسداد دہشت گردی عدالت سے حاصل کر لیے ہیں۔ یہ پیش رفت تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے کے سلسلے میں سامنے آئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری میں پارٹی کے کئی اہم اور مرکزی رہنماؤں کے نام شامل ہیں، جن میں سابق صدر عارف علوی، نادیہ خٹک، سینیٹر شبلی فراز، فیصل جاوید، سلمان اکرم راجا، رؤف حسن، راجہ بشارت، راشد حفیظ، خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ، عمیر نیازی، جمشید دستی، حماد اظہر، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا اور شعیب شاہین شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق، عدالت کی جانب سے یہ وارنٹ تھانہ کراچی کمپنی میں درج ایک مقدمے کی روشنی میں جاری کیے گئے، جس کا تعلق 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے جوڑا جا رہا ہے۔ اس مقدمے میں پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو اشتعال انگیزی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزامات کا سامنا ہے۔

ابتدائی طور پر 9 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کیے جا چکے تھے، تاہم تازہ ترین پیش رفت کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 50 ہو چکی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد گرفتاریوں کے لیے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں اور مطلوب رہنماؤں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جائیں گے۔

سیاسی حلقوں میں اس اقدام کو پی ٹی آئی قیادت کے خلاف جاری قانونی کارروائیوں میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام کارروائیاں سیاسی انتقام کا حصہ ہیں۔

Scroll to Top