قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے روکنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، شیخ وقاص اکرم

قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے روکنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، شیخ وقاص اکرم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنے بیٹوں کو پاکستان نہ آنے کا مشورہ دیا ہے، جس پر شیخ وقاص اکرم نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، عمران خان نے اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے سے منع نہیں کیا۔‘‘

نجی ٹی وی چینل (سنو نیوز )کے مطابق انہوں نے بتایا کہ قاسم اور سلیمان خان کی پاکستان آمد کی تاریخ جلد طے کی جا رہی ہے اور وہ جلد اپنے والد سے ملاقات کے لیے آئیں گے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے بھی اس مؤقف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دونوں بیٹے اس وقت واشنگٹن ڈی سی میں ہیں اور اپنے والد کے لیے بین الاقوامی سطح پر مہم چلا رہے ہیں۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ’’قاسم اور سلیمان جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں، ان پر کوئی قانونی یا سیکیورٹی پابندی نہیں ہے۔‘‘
پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ حالیہ افواہیں ایک منظم پروپیگنڈا کا حصہ ہیں، جس کا مقصد عمران خان کی ساکھ کو متاثر کرنا ہے، تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان ان دنوں توشہ خانہ اور 9 مئی کیسز سمیت مختلف قانونی معاملات کا سامنا کر رہے ہیں اور راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

Scroll to Top