خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، جہاں ایک حیرت انگیز اور متاثر کن مثال سامنے آئی ہے۔ بنوں کی سینٹرل جیل میں قید دلدراز خان نے میٹرک کے امتحان میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق دلدراز خان نے تعلیمی بورڈ بنوں سے پرائیویٹ امیدوار کی حیثیت سے امتحان میں شرکت کی اور 1200 میں سے 1005 نمبر حاصل کیےجو کہ نہ صرف ایک نمایاں کامیابی ہے بلکہ ایک اصلاحی ادارے میں قید فرد کی جانب سے غیر معمولی تعلیمی پیش رفت بھی۔
اس کامیابی نے یہ پیغام دیا ہے کہ تعلیم کسی قید یا رکاوٹ کی محتاج نہیں ہوتی۔ اگر انسان میں سیکھنے کا جذبہ ہو تو وہ کسی بھی حالت میں آگے بڑھ سکتا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ دلدراز خان کی یہ کامیابی دیگر قیدیوں کے لیے بھی ایک مثبت مثال بنے گی اور انہیں تعلیم کی جانب راغب کرے گی۔





