پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ 5 اگست کو پارٹی کا احتجاج پرامن ہوگا اور کسی قسم کا انتشار نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل (سماء نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ کسی کو بھی اسلام آباد آنے کی کال نہیں دی گئی اور احتجاج گلی کوچوں تک محدود رہے گا۔
انہوںنے کہا کہ ہر صوبے کی قیادت اپنے اپنے علاقوں میں اپنے طریقے سے احتجاج کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی 5 اگست کو ملک گیر سطح پر پرامن احتجاج کے لیے تیار ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر ارکان اسمبلی کی سزاؤں اور نااہلیوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپیل کے سامنے ایسے فیصلے قائم نہیں رہ سکیں گے۔





