ایرانی صدر کا پاکستان میں آج مصروف ترین دن، معاہدوں، یادداشتوں پر دستخط ہوں گے

برادر اسلامی ملک ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران اسلام آباد میں مصروف ترین دن گزاریں گے، جہاں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں، اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر آج وزیراعظم شہباز شریف سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت، سرحدی سلامتی اور زائرین کے معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق ایرانی صدر صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان کی بھرپور سفارتی حمایت پر شکریہ ادا کریں گے۔ اس حوالے سے ایرانی پارلیمان میں بھی پاکستان کے حق میں ’’تشکر پاکستان‘‘ کے نعرے لگائے گئے تھے، جن کا ذکر وہ پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں کریں گے۔

ملاقاتوں کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی گفتگو متوقع ہے، جبکہ ایران کی جانب سے چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شمولیت کی خواہش کا اظہار بھی ایجنڈے کا حصہ ہو گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ علاقائی تعاون، تجارتی روابط اور توانائی کے شعبے میں عملی پیشرفت کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔

Scroll to Top