بھارت خود کو چوہدری سمجھتا تھا، اللہ نے غرور خاک میں ملا دیا، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت خود کو خطے کا چوہدری سمجھتا تھا لیکن اللہ نے اس کا غرور خاک میں ملا دیا، پاکستان نے 4 دن کی جنگ میں دشمن کو شکست فاش دی۔

اسلام آباد میں بری امام کے عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل چکا ہے اور اب معیشت سنبھل رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے، ملکی معیشت 47 ویں نمبر سے بہتری کے ساتھ 40 ویں نمبر پر آچکی ہے، اب ہدف ہے کہ ملک کو دنیا کی ٹاپ 20 معیشتوں میں شامل کیا جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ زیر زمین موجود قدرتی وسائل کے ذخائر کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ معاشی خود کفالت حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صرف دو سال قبل پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار تھا، لیکن اب ایسا نہیں، آج پاکستان بین الاقوامی سطح پر فعال کردار ادا کر رہا ہے اور حالیہ دنوں میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کی میزبانی اس کی واضح مثال ہے۔

ایران سے متعلق بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بطور مسلمان ایران کی حمایت کرنا پاکستان کا فرض ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سیاسی محاذ پر گورنر کا تہلکہ خیز بیان، وزیراعلیٰ کی سیاست کے لیے خطرے کی گھنٹی

انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران-اسرائیل جنگ کے موقع پر پاکستان نے اپنا اخلاقی و سفارتی کردار ادا کیا، اور اس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم نے کلیدی کردار ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر 1965 کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کو خطے کا چوہدری سمجھتا تھا، مگر اللہ تعالیٰ نے اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔

پاکستان نے صرف چار دن میں دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔

Scroll to Top