پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر ممکنہ احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی گئی۔
نجی ٹی وی چینل(ایکسپریس نیوز)کے مطابق اجلاس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت سمیت متعدد ارکانِ قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، مہنگائی، بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں، اور کارکنان کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران 14 اگست کے روز پرامن احتجاج اور عوامی رابطہ مہم کے لیے مختلف تجاویز پر بحث کی گئی، جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ہدایت کی کہ یومِ آزادی کے موقع پر احتجاجی پروگرام کو قومی جذبے سے ہم آہنگ اور آئینی دائرہ کار میں رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت اس دن کو ’’یومِ نجات‘‘کے طور پر منانے پر بھی غور کر رہی ہے، تاکہ عوام کو ’’ووٹ کے تقدس‘‘ اور ‘‘آئینی حقوق” کے حوالے سے آگاہ کیا جا سکے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ احتجاجی پروگرام کی حتمی منظوری آئندہ چند روز میں دی جائے گی اور اس حوالے سے پارٹی کارکنان کو بھی مکمل طور پر متحرک کیا جا رہا ہے۔





