نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کی حالیہ شدت کے پیش نظر پہاڑی اور آفات سے متاثرہ علاقوں میں سیاحتی سرگرمیاں محدود کرنے کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ خطرناک علاقوں میں عوام کی آمد و رفت پر فوری اقدامات کیے جائیں اور ضروری ہو تو دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ کی جائیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون سپیلز کے دوران متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے اس لیے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ٹی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف مقامات کو شدید نقصان پہنچا ہے جن میں سومرو پل، گانچھے، سالتو رو پل اور باغیچہ پل شامل ہیں، جگلوٹ سکردو روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے جبکہ دیان، تھلی بروق، کلٹی غذر، گلگت، جگلوٹ، گورو، نلتر، گلگت ہنزہ اور بابوسر ٹاپ روڈ بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تورغر، بٹگرام، شانگلہ، لوئر کوہستان اور تتہ پانی میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اسی طرح گلگت، ہنزہ اور سوات کی سڑکوں پر بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلابی صورتحال، خیبرپختونخوا میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں میں تیزی
این ڈی ایم اے نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ موجدہ صورتحال کے پیش نظر مکمل احتیاط برتیں اور متاثرہ علاقوں کا سفر نہ کریں





