سیلاب میں مدد پر پاک فوج اور حکومت کے شکر گزار ہیں، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے پاک فوج، وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے کیے گئے ریلیف اقدامات کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ہم ان تمام اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کی مدد کی۔‘‘

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور کئی علاقے تاحال مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا’’پاک فوج، وفاقی اور صوبائی حکومت نے متاثرین کی مدد کے لیے بہترین کام کیا ہے، تاہم عوام کی مشکلات اتنی زیادہ ہیں کہ مزید امدادی اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ضلع بونیر میں اب بھی 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جب کہ علاقے میں رہنے والی اقلیتی برادری کے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے قوم سے دل کھول کر سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ’’مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں مل کر متاثرہ خاندانوں کو سہارا دینا ہوگا۔ عوام، فلاحی ادارے اور تنظیمیں آگے بڑھیں تاکہ متاثرین کی بحالی ممکن ہو سکے۔‘‘

Scroll to Top