پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضرحیات نے خیبر پختونخوا کے ترجمان بیرسٹر سیف کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متعلق طنزیہ بیانات کو “بے شرمی اور بے احترامی” قرار دیا ہے۔
ارباب خضرحیات کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف پنجاب کی منتخب وزیر اعلیٰ ہیں، اور غیر ملکی دورے کے لیے انہیں خیبر پختونخوا حکومت سے کسی این او سی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب پنجاب میں نہیں بلکہ خیبر پختونخوا میں آیا ہے، لہٰذا خیبر پختونخوا کی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرسٹر سیف کا سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق الزامات لگانا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔
ارباب خضرحیات نے واضح کیا کہ اس وقت وفاقی حکومت، پاک فوج اور پنجاب حکومت مشترکہ طور پر سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں، جب کہ درجنوں وفاقی وزرا اور سرکاری ادارے بحالی کے کاموں میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
ارباب خضرحیات نے خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ صرف بیانات تک محدود ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نہ خود منظر پر ہیں اور نہ ہی متاثرین کی مدد میں کوئی سنجیدہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔





