نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس اقدام سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک جا سکتا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اسپل ویز کھلنے کے بعد دریائے سندھ سے متصل نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی طور پر الرٹ کر دیا ہے، جبکہ قریبی آبادیوں کے مکینوں کو محتاط رہنے اور آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں، اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر انخلا کو یقینی بنائیں۔
ادھر محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ قادرآباد بیراج پر پانی کی آمد 1,08,724 کیوسک جب کہ اخراج 91,724 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دریائے جموں توی میں پانی کے اخراج کی مقدار 18,467 کیوسک تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث 18 مواضعات کو ممکنہ سیلاب کا سامنا ہو سکتا ہے۔ حکام کے مطابق اس ممکنہ سیلابی صورتحال میں تقریباً 5,047 افراد متاثر یا بے گھر ہو سکتے ہیں۔
متاثرہ مواضعات میں ندالہ، سید پور، چک سلہریاں، ابدال، چک بالو اور صالح پور شامل ہیں۔این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر انحصار کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کیا جائے۔





