سیلاب متاثرین کی فوری امداد پر غور، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اہم اجلاس طلب کر لیا
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں اب تک سیلاب متاثرین کو فراہم کی گئی امدادی رقوم اور ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ متاثرین کو مزید امداد کی فوری اور شفاف فراہمی کیلئے حکمت عملی تیار کی جائیگی ۔
اجلاس میں سیلاب سے تباہ ہونیوالے انفرااسٹرکچر، خصوصاً سڑکوں، پلوں، اسکولوں اور صحت کے مراکز کی بحالی پر بھی غور کیا جائیگا۔ ترجمان کے مطابق اس حوالے سے جامع پلاننگ کی جائیگی تاکہ بحالی کے کاموں کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ سیکریٹری ریلیف، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں باجوڑ، دیر لوئر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، نوشہرہ، ٹانک اور ڈی آئی خان کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی شرکت کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ وہ زمینی حقائق، مقامی سطح پر درپیش چیلنجز اور ضروریات سے متعلق براہ راست آگاہی فراہم کر سکیں۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب صوبے کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال نے شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر فوری ریلیف اور بحالی کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔





