پاک سوزوکی نے طویل انتظار کے بعد اپنی نئی کراس اوور گاڑی فرونکس (Fronx) کو پاکستان میں باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔
یہ گاڑی پہلی بار پاکستان آٹو شو میں نمائش کے لیے رکھی گئی تھی جہاں اسے شائقین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی۔
پاکستان میں کراس اوور اور ایس یو وی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے مقابلے کو مدنظر رکھتے ہوئے سوزوکی نے اس نئے ماڈل کے ذریعے اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فرونکس کی آمد سے مارکیٹ میں موجود دیگر برانڈز کے لیے مقابلے کی فضا مزید سخت ہو جائے گی۔
کمپنی نے فرونکس کو چار مختلف ویرینٹس میں متعارف کرایا ہے جن کی قیمتیں پیٹرول اور مائلڈ ہائبرڈ انجن کے لحاظ سے مختلف رکھی گئی ہیں۔ پٹرول انجن میں فرونکس GL مینوئل کی قیمت 59 لاکھ 99 ہزار 999 روپے جبکہ آٹومیٹک ویرینٹ کی قیمت 60 لاکھ 99 ہزار 999 روپے مقرر کی گئی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس مائلڈ ہائبرڈ ورژن میں GLX مونو ٹون 62 لاکھ 99 ہزار 999 روپے اور ٹو ٹون ورژن 63 لاکھ 74 ہزار 999 روپے کی قیمت کے ساتھ دستیاب ہوگا۔
گاڑی کی پوزیشننگ کے حوالے سے کمپنی اسے ایک جاندار ایکس یو وی کے طور پر مارکیٹ کر رہی ہے جو سوزوکی سوفٹ سے ایک درجہ اوپر کی کیٹیگری میں آتی ہے۔
سائز اور فیچرز کے لحاظ سے یہ ہنڈا HR-V اور ٹویوٹا کورولا کراس جیسی مہنگی گاڑیوں سے نیچے لیکن کِیا اسٹونک اور جیکو J5 کے مقابلے کی گاڑی سمجھی جا رہی ہے۔
آٹو سیکٹر کے ماہرین کے مطابق فرونکس کی کامیابی کا دارومدار اس کی قیمت اور اس میں فراہم کردہ جدید حفاظتی و تفریحی فیچرز پر ہوگا جو پاکستانی خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔





