سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ کے اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں جس کے مطابق ایپل کے آئی فون 17 نے 6 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فون کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
مارکیٹ ریسرچ ادارے کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے عالمی درجہ بندی میں پہلی تینوں پوزیشنوں پر قبضہ کر رکھا ہے، جہاں آئی فون 17 پرو میکس دوسرے اور آئی فون 17 پرو تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی کا پرانا ماڈل آئی فون 16 بھی تاحال صارفین کی پسندیدہ فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جانب اینڈرائیڈ فونز کی دنیا میں سام سنگ کا راج برقرار ہے جہاں سام سنگ گلیکسی اے 07 فور جی (A07 4G) پہلی سہ ماہی میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اینڈرائیڈ فون ثابت ہوا ہے۔
یہ ڈیوائس خاص طور پر مشرق وسطیٰ، افریقا اور لاطینی امریکا کی مارکیٹوں میں انتہائی مقبول رہی۔ سام سنگ کی اے سیریز کے دیگر ماڈلز بشمول اے 17، اے 56 اور اے 36 بھی ٹاپ 10 فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، تاہم کمپنی کا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 26 الٹرا مارچ میں تاخیر سے لانچ ہونے کی وجہ سے اس بار فہرست میں جگہ نہیں بنا سکا۔
اسی دوران چینی کمپنی شاؤمی نے بھی اپنے کم قیمت فون ریڈمی اے 5 (Redmi A5) کے ذریعے ٹاپ 10 فہرست میں واپسی کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ اینڈرائیڈ گو پر چلنے والا یہ اسمارٹ فون ان صارفین کی پہلی پسند رہا جو کم قیمت میں بہتر فیچرز تلاش کر رہے تھے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سام سنگ کے نئے اے سیریز فونز کو 6 بڑی اینڈرائیڈ اپ ڈیٹس دی جائیں گی، جو کہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے، اگرچہ پرانی موڈیم ٹیکنالوجی مستقبل میں ایک چیلنج بن سکتی ہے۔





