واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا اور انقلابی فیچر متعارف کرایا ہے جس کا نام ’رائٹنگ ہیلپ‘ ہے۔
یہ فیچر مصنوعی ذہانت(اے آئی) پر مبنی ایک تحریری معاون ہے جو چیٹنگ کے دوران پیغامات تجویز کرتا ہے تاکہ بات چیت کو تیز، آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
نیا فیچر نجی اور گروپ دونوں طرح کی چیٹس میں کام کرتا ہے اور صارفین کو مختلف انداز میں تجاویز فراہم کرتا ہے جن میں پیشہ ورانہ، مزاحیہ اور حوصلہ افزا انداز شامل ہیں۔
نیا متعارف کرایا گیا اے آئی فیچر ’رائٹنگ ہیلپ‘ کا مقصد صارفین کو بہتر انداز میں اظہار رائے کی سہولت دینا اور وقت کی بچت فراہم کرنا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق ’رائٹنگ ہیلپ‘ روزمرہ کی چیٹنگ کو زیادہ مؤثر بنائے گا بغیر اس کے کہ صارفین کو اپنے روایتی انداز میں تبدیلی لانا پڑے۔
صارفین پیغام لکھتے وقت اس فیچر کو پینسل کے آئیکون پر ٹیپ کرکے فعال کر سکتے ہیں، اس کے بعد واٹس ایپ متعدد اے آئی سے تیار کردہ پیغاماتی تجاویز دکھاتا ہے جن میں سے کوئی بھی منتخب کی جا سکتی ہے یا انہیں مکمل طور پر نظر انداز بھی کیا جا سکتا ہے۔
یہ فیچر میٹا کی پرائیویٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جو پیغامات کی مکمل رازداری کو یقینی بناتی ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ نہ میٹا اور نہ ہی واٹس ایپ صارفین کے اصل یا تجویز کردہ پیغامات دیکھ سکتے ہیں۔
فیچر کو مکمل طور پر اختیاری رکھا گیا ہے تاکہ جو صارفین خود ٹائپ کرنا پسند کرتے ہیں، ان کے لیے کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: بلاک شدہ سمارٹ فونز دوبارہ نیٹ ورک سے جڑ گئے، کیا پی ٹی اے نے پابندیاں نرم کر دیں؟
’رائٹنگ ہیلپ‘ فی الحال انگریزی زبان میں امریکا اور چند منتخب خطوں میں دستیاب ہے، واٹس ایپ نے تصدیق کی ہے کہ جلد ہی یہ سہولت مزید ممالک اور زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔





