خیبرپختونخوا میں لینڈ یوز ریگولیشن 2024 نافذ، پرانے تعمیراتی نقشے کالعدم قرار

خیبرپختونخوا میں لینڈ یوز ریگولیشن 2024 نافذ، پرانے تعمیراتی نقشے کالعدم قرار

خیبرپختونخوا لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے پشاور سمیت صوبے بھر میں مقررہ مدت کے اندر تعمیراتی کام شروع نہ کرنے والے تمام رہائشی اور تجارتی منصوبوں کے منظور شدہ نقشے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈی جی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی خضر حیات کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2024 کے نفاذ سے پہلے پرانی پالیسی کے تحت منظور شدہ تمام نقشے جن پر اب تک تعمیراتی کام شروع نہیں کیا گیا کالعدم تصور ہوں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ تمام افراد یا اداروں کو نئی پالیسی کے تحت دوبارہ درخواست دینا ہوگی، بصورت دیگر ان کے منصوبے آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔

صوبے بھر کے چیف پلاننگ کنٹرول آفیسرز اور لوکل پلاننگ و انفورسمنٹ یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی درخواستوں پر 2024 کے ضوابط کے مطابق مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور تمام قانونی تقاضے اور دستاویزات کی تکمیل کے بغیر کسی منصوبے کی منظوری نہ دی جائے۔

ڈی جی خضر حیات نے کہا ہے کہ نئے ضوابط کا مقصد تعمیراتی عمل میں شفافیت لانا، غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کرنا اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں آٹا مزید مہنگا ، 20 کلو کا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا،شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

ڈی جی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی خضر حیات کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام سے تجارتی سرگرمیاں منظم ہوں گی اور عوام و سرمایہ کار کسی بھی قانونی پیچیدگی سے محفوظ رہیں گے۔

Scroll to Top