دوست ہو تو چین جیسا! پاکستان اور چین مالیاتی تعاون میں مزید ترقی پر متفق

دوست ہو تو چین جیسا! پاکستان اور چین مالیاتی تعاون میں مزید ترقی پر متفق

پاکستان اور چین نے مالیاتی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بیجنگ میں ہونگٹا سیکیورٹیز کے چیئرمین جنگ فینگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مالیاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی مثبت ہے اور حکومت مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے حکومت پرعزم ہے تاکہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ سی اے اے ٹو سے بڑھا کر سی اے اے ون کر دی ہے، جبکہ فچ اور ایس اینڈ پی نے بھی پاکستان کی ریٹنگ کو منفی بی سے اپ گریڈ کیا ہے۔ ان ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عالمی اور چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

Scroll to Top