انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی ڈویژن میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی سات مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں اور طبی معائنے کے لیے دائر اپیلوں پر سماعت جج کی رخصت کے باعث 9 ستمبر 2025 تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ میڈیکل رخصت پر ہیں، جس کے باعث نہ صرف ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہو سکی، نہ ہی عمران خان کے جیل میں طبی معائنے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے سے متعلق درخواستوں پر کوئی کارروائی ممکن ہو سکی۔
پی ٹی آئی کے قانونی نمائندے ایڈووکیٹ فیصل ملک اپنے معاون وکلاء کے ہمراہ صبح 8 بجے عدالت پہنچے، تاہم عدالتی عملے نے انہیں مطلع کیا کہ جج کی غیر موجودگی کی وجہ سے سماعت ممکن نہیں اور تمام درخواستیں 9 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہیں۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل فیصل ملک کا کہنا تھا’’ہم عمران خان کی سات مقدمات میں ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے تھے، لیکن ہمیں بتایا گیا کہ جج صاحب رخصت پر ہیں، اب کیس کی سماعت 9 ستمبر کو ہوگی۔‘‘
عمران خان کے خلاف مختلف مقدمات میں جاری قانونی کارروائی کے تناظر میں ان کی صحت کی صورتحال پر بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ اسی تناظر میں ان کے وکلا نے طبی معائنے اور میڈیکل بورڈ کے قیام کے لیے الگ سے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جن پر بھی اب آئندہ سماعت 9 ستمبر کو ہوگی۔





