بجلی کے بلوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ، بڑی خبر آگئی

لاہور: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کیلئے بجلی بلوں میں بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ صارفین کو نہ صرف 70 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے بلکہ بل جمع کرانے کے لیے اضافی وقت بھی فراہم کیا جائے گا۔

لاہور میں لیسکو ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور متاثرہ شہریوں کو بجلی کے بلوں میں ممکنہ حد تک سہولت دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مزید ریلیف کی ضرورت پیش آئی تو متعلقہ ڈسکوز اضافی چارجز بھی معاف کریں گے۔

اویس لغاری نے بتایا کہ ملک بھر کے تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ بجلی صارفین میں سے 1 کروڑ 80 لاکھ افراد پہلے ہی اس وقت 70 فیصد رعایت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلابی پانی کی وجہ سے بعض علاقوں میں بجلی کی بحالی میں تاخیر ضرور ہو رہی ہے، تاہم جیسے ہی صورتحال بہتر ہو گی، مکمل سروس بحال کر دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ لیسکو کے ملازمین نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں اپنی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گھروں میں سولر سسٹمز استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اویس لغاری کے مطابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث بجلی کے ٹیرف میں بھی کمی آئی ہے، تاہم نئے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (IPPs) کی نیٹ میٹرنگ کی وجہ سے صارفین پر فی یونٹ تقریباً 4 روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخواکےڈیجیٹل میڈیا، وی لاگرز اور انفلوئنسرز کےلئے بڑی خوشخبری

دوسری جانب نیپرا نے بھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 1.89 روپے کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کا فائدہ گھریلو صارفین کو آئندہ تین ماہ تک حاصل ہوگا۔

Scroll to Top