بارشیں ہی بارشیں !مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے

بارشیں ہی بارشیں !مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں آج شام سے تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں کوہستان، دیر، سوات، چترال، کرم، پشاور، خیبر، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں جیسے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، کینال روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ایم اے او کالج روڈ، چوبرجی، مزنگ، فیروزپور روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، اور گارڈن ٹاؤن میں بادل برسے، جس سے شہریوں کو گرمی سے کچھ راحت ملی۔

اسی طرح اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے، جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں مزید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ رحیم یار خان، پاکپتن، ساہیوال، کوٹ ادو، خانیوال، ڈی جی خان، ملتان، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔

کراچی میں آج شام سے جمعرات تک تیز بارش کی توقع ہے جس کے باعث موسلادھار بارشوں کے سبب اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top