خیبرپختونخواحکومت نےصوبے کے 373 ہونہار طلبہ میں مجموعی طور پر 134.28 ملین روپے کے اسکالرشپس تقسیم کئے۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیم پشاور میں “ستوری د پختونخوا” اسکالرشپ کی تقسیم کے حوالے سے تقریب منعقدہ کی گئی تھی جس کے مہمان خصوصی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی تھے۔
مینا خان آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ستوری د پختونخوا” اسکالرشپ صوبے کے ٹاپ پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے لیے ایک انعام اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2011 سے اب تک 1.42 ارب روپے کے اسکالرشپس صوبے بھر کے نمایاں طلبہ میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال خیبرپختونخوا کے نو تعلیمی بورڈز کے ٹاپ 20 طلبہ کو 15 ہزار روپے ماہانہ اسکالرشپ دیا جاتا ہے، جو دو سال کی مدت میں ہر طالب علم کے لیے 3 لاکھ 60 ہزار روپے بنتے ہیں۔
مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ ہونہار طلبہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔ستوری د پختونخواپروگرام کا مقصد طلبہ میں مثبت تعلیمی مقابلے کو فروغ دینا اور معیاری تعلیم کے رجحان کو مضبوط کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : میں جیل میں تھا اور پولیس والوں کو مارنے کے مقدمات مجھ پر درج کیے گئے، اعظم سواتی
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری کالجز کے طلبہ کی حوصلہ افزائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں اس اسکالرشپ پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔





