خیبرپختونخوا حکومت نے مہنگائی کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر میں محنت کشوں کے لیے کم از کم ماہانہ اجرت 40,000 روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ صنعتی، کمرشل، غیر ہنر مند اور جووینائل ملازمین سمیت تمام شعبوں میں کام کرنے والے محنت کشوں پر لاگو ہوگا۔
نئی اجرت کے تحت محنت کش کی روزانہ 8 گھنٹے کی اجرت 1,538 روپے مقرر کی گئی ہے، جو ان کے معاشی تحفظ اور معیارِ زندگی میں بہتری کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا، جس کے بعد کسی ادارے کو کم از کم اجرت سے کم پر مزدور رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اور انہیں موجودہ معاشی حالات کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔





