خیبرپختونخوا میں گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی زیر صدارت گورننس امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبوں میں حکومتی کارکردگی، اصلاحات اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آبی گزرگاہوں کے راستے میں قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی تاکہ مستقبل میں بارشوں کے دوران کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔ اس حوالے سے ہر ہفتے کی میٹنگ میں پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

محکمہ جنگلات نے درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اسی طرح تعمیرات کے سلسلے میں غلط این او سی جاری کرنے والے بعض تحصیل میونسپل افسران کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔

گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری انتظامی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیلاب کے بعد ندی نالوں اور کنالز میں جمع ہونے والے ملبے اور پتھروں کی صفائی کے لیے تجاویز پیش کی گئیں، جبکہ نہروں اور نالوں پر قائم چھوٹے پلوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ری ماڈل کرنے کے اقدامات پر بھی بات کی گئی تاکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو۔

واگزار کرائی گئی اراضیات پر دوبارہ قبضے کے امکانات کو روکنے کے لیے ان پر برجیاں لگانے اور باؤنڈری کا تعین کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں، تاکہ یہ زمینیں مستقل طور پر محفوظ بنائی جا سکیں۔

اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ گلیات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے پی سی ون منظور ہو چکا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں علاقے کی صفائی کو جدید ماحولیاتی اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے گا اور گندگی کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں 72 ہسپتال آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ، اخراجات 7 ارب سے بڑھ کر 9 ارب 60 کروڑ تک پہنچ جائیں گے

کمراٹ کے لیے ماسٹر پلاننگ پر کام جاری ہے اور منصوبے کی تکمیل تک نئی تعمیرات پر پابندی برقرار رہے گی۔ گلیات کا ماسٹر پلان رواں سال نومبر تک مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں پشاور اپ لفٹ اور بیوٹیفکیشن پلان پر بھی بات ہوئی۔ منصوبے پر دو مراحل میں کام ہوگا۔ اس کے علاوہ بی آر ٹی اسٹیشنز کے اطراف ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top