صحافی طیب بلوچ پر پی ٹی آئی کا تشدد، صحافتی تنظیموں نے بڑے احتجاج کی کال دیدی

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی طرف سے سینئر صحافی طیب بلوچ پر حملے کے خلاف احتجاج کی کال دے دی۔

آرآئی یو جے اور نیشنل پریس کلب کے عہدیداران نے واقعے کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ9 ستمبر بروز منگل شام چار بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت نے اس واقعہ پہ معذرت نہ کی تو بدھ کے روز 10 ستمبر کو راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

فیصلے کے مطابق اگر دونوں مظاہروں کے باوجود پی ٹی آئی نے معذرت نہ کی تو پھر اڈیالہ جیل کے سامنے اور ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کی پریس کانفرنس کے دوران سوال کرنے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سینئر صحافی طیب بلوچ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ دیگر سینئر صحافیوں فضل حکیم اور اعجاز احمد نے ساتھی رپورٹر کو بچانے کی کوشش کی تو انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر آئی یو جے کے صدر طارق ورک نے جڑواں شہروں کی کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔

انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے صحافیوں پر پی ٹی آئی کے حملے کے خلاف بھرپوررد عمل نہ دیا تو پھر سوال کرنے پر تشدد کے رحجان کو رکنا ناممکن ہوگا ۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں 72 ہسپتال آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ، اخراجات 7 ارب سے بڑھ کر 9 ارب 60 کروڑ تک پہنچ جائیں گے

نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی و سیکٹری نیئربخاری نے طیب بلوچ پر حملے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے تمام صحافیوں سے مظاہرے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

Scroll to Top