جرائم پیشہ عناصر سے گٹھ جوڑ، پشاور پولیس کے 8 اہلکار معطل، افسران کو شوکاز نوٹس

کرپشن اور جرائم پیشہ عناصر سے مبینہ روابط رکھنے کے الزامات پر پشاور پولیس کے 6 ایس ایچ اوز سمیت 8 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، ناقص کارکردگی پر 6 ڈی ایس پیز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

پشاور پولیس ترجمان کے مطابق جن اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے ان میں تھانہ پہاڑی پورہ، فقیر آباد، ہشتنگری، پشتخرہ، غربی، خزانہ کے ایس ایچ اوز، چوکی انچارج جہانگیر آباد اور ایک جونیئر کلرک شامل ہیں۔

ناقص سپرویژن پر پشتخرہ سرکل، ٹاؤن سرکل، فقیر آباد سرکل، ہشتنگری سرکل، گلبہار سرکل اور ریگی سرکل کے ڈی ایس پیز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ناقص کارکردگی پر مزید 11 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں تاتارا، حیات آباد، شرقی، گلبرگ، سربند، کوتوالی، بھانہ ماڑی، داودزئی، چمکنی، متھرا اور بڈھ بیر شامل ہیں۔

معطل اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ کارروائی عوامی شکایات اور خفیہ رپورٹس کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

یہ بھی : سوات میں پولیس کی رشوت خوری کی ویڈیو وائرل، آر پی او ملاکنڈ نے فوری معطل کر دیا

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ محکمے میں نظم و ضبط اور احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔پڑھیں

Scroll to Top