ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے خلاف درخواست دائر

پشاور : ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے اسے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

درخواست امجد علی ارباب، غلام احمد بلور، حاجی غلام علی، ارباب عالمگیر اور ارباب خضرحیات نے علی گوہر درانی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے۔

درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ صوبائی کابینہ نے 21 فروری 2025 کو اپنے 25ویں اجلاس میں اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دی تاہم خیبرپختونخوا لوکل کونسل رولز 1994 کے تحت کسی جگہ یا اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے بعد 50 سال تک اسے دوبارہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تعمیر 1984 میں ہوئی اور اس کا اصل نام شاہی باغ کرکٹ اسٹیڈیم تھا۔

سابق وفاقی وزیر کھیل ارباب نیاز کے انتقال کے بعد 1987 میں میونسپل کارپوریشن کی ایک قرارداد کے ذریعے اس اسٹیڈیم کا نام ان کے اعزاز میں تبدیل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : فخر زمان کا متنازع آؤٹ،پاکستان نےتھرڈ امپائر کیخلاف آئی سی سی کو باضابطہ شکایت درج کرا دی

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی گائیڈ لائن کے مطابق عوامی اثاثوں کو کسی زندہ شخصیت کے نام سے منسوب نہیں کیا جا سکتا جبکہ موجودہ نام کی تبدیلی سیاسی مقاصد کے تحت کی گئی ہے۔

Scroll to Top