ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں دبئی میں کھیلے گئے پاکستان-بھارت میچ کے دوران پاکستانی اوپنرفخر زمان کے آؤٹ ہونے والے متنازع فیصلے پر پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ شکایت کر دی ہے۔
نجی ٹی اے آر وائی ٹی وی کو زرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے میچ کے بعد تھرڈ امپائرروچیرا پلیاگوروگےکے فیصلے پر اعتراض کیا ہے اور اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی کو اپنی رپورٹ بھیجی ہے۔ ٹیم انتظامیہ کا موقف ہے کہ اس متنازع آؤٹ نے میچ کی صورتحال پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
واقعہ پاکستان کی اننگز کے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر پیش آیاجب فخر زمان نے بھارتی بولر ہاردک پانڈیا کی آف کٹر پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کی۔ گیند نے ایج لیا اور بھارتی وکٹ کیپر سنجو سیمسن کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ چونکہ گیند وکٹ کیپر کے ہاتھ سے بہت قریب زمین کو چھو رہی تھی اسلئے آن فیلڈ امپائر نے فیصلہ تھرڈ امپائر کے سپرد کر دیا۔
فخر زمان خود بھی یقین رکھتے تھے کہ گیند نے زمین کو چھوا ہے لیکن تھرڈ امپائر نے مختلف زاویوں سے ویڈیو ری پلے دیکھنے کے بعد انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔ اس فیصلے پر فخر چند لمحے حیران کھڑے رہے اور پھر پویلین کی جانب واپس لوٹ گئے۔
واپسی پر انہوں نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے اس فیصلے پر بات کی جہاں دونوں ہی حیرت کا اظہار کرتے نظر آئے۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی زبردست بحث چھڑ گئی جہاں شائقین نے اس فیصلے پر سوالات اٹھائے اور پاکستانی ٹیم کے حق میں حمایت کا اظہار کیا۔





