بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کے استعمال میں احتیاط ضروری ہے، علی محمد خان

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ، خصوصاً ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، کے استعمال میں احتیاط برتنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ان کی رہائی کی راہ ہموار ہو اور ملک سیاسی استحکام کی طرف بڑھ سکے۔

قومی اخبار(روزنامہ پاکستان ویب سائٹ) کے مطابق علی محمد خان نے واضح کیا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ عمران خان ذاتی طور پر اپنا ایکس اکاؤنٹ آپریٹ نہیں کرتے، لہٰذا اس اکاؤنٹ سے کی جانے والی تمام پوسٹس کو مکمل طور پر ان کے خیالات قرار دینا درست نہیں ہوگا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا یہ اکاؤنٹ ایک پرانا ساتھی چلاتا ہے، تاہم انہوں نے اس کا نام لینے سے گریز کیا، یہ کہتے ہوئے کہ ’’نام لینا اس شخص کے لیے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔‘‘

علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے استعمال میں ذمہ داری اور حکمت کی ضرورت ہے تاکہ سیاسی درجہ حرارت کم ہو اور بات چیت کے دروازے کھل سکیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک کو سیاسی حل کی طرف لے جانے کے لیے تمام فریقین کو سنجیدگی اور احتیاط کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

Scroll to Top