انتظار ختم !ایشیا کپ T20، پاکستان کا مقابلہ آج سری لنکا سے ہوگا

انتظار ختم !ایشیا کپ T20، پاکستان کا مقابلہ آج سری لنکا سے ہوگا

ایشیا کپ ٹی20 کے سپر فور مرحلے کا سب سے اہم اور فیصلہ کن معرکہ آج ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کے لیے یہ میچ ’’کرو یا مرو‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ فتح ہی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کرے گی، جبکہ شکست کی صورت میں قسمت کا فیصلہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر چھوڑنا پڑے گا۔قومی ٹیم آج ابوظبی میں اپنا پہلا میچ کھیلنے جا رہی ہے، جبکہ سری لنکن ٹیم اس سے قبل اسی گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کے ہاتھوں چار وکٹوں سے شکست کھا چکی ہے، جو پاکستانی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہو سکتی ہے۔

میچ کی اہمیت کے پیش نظر شائقین کرکٹ میں جوش و خروش عروج پر ہے۔ ایشیا کپ کی فائنل لائن اپ کے لیے یہ مقابلہ انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ جو ٹیم آج کی بازی جیتے گی، وہ فائنل کے لیے مضبوط امیدوار بن جائے گی، جبکہ ہارنے والی ٹیم کا سفر ممکنہ طور پر یہیں ختم ہو جائے گا

پاکستانی کپتان سلمان آغا نے میچ سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ہم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، جیت کے لیے تینوں شعبوں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں برتری حاصل کرنا ہو گی۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ میچ کتنا اہم ہے، اور پوری ٹیم بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘

اب دیکھنا یہ ہے کہ گرین شرٹس دباؤ کا شکار ہو کر بکھرتے ہیں یا ایک متحد ٹیم کی طرح میدان مار لیتے ہیں۔ شائقین کی نظریں میدانِ ابوظبی پر مرکوز ہیں، جہاں آج ایشیا کپ کی قسمت کا ایک بڑا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔

Scroll to Top