ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں جاری وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دیدیاہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالتی کارروائی آج ہونا تھی، تاہم سینئر سول جج مبشر حسن چشتی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے کیس کی اگلی سماعت کل تک کے لیے مقرر کر دی ہے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ بارہ کہو، اسلام آباد میں درج ہے، جس میں ان پر گاڑی سے شراب اور اسلحہ کی برآمدگی کا الزام ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ کیس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے قانونی اور سیاسی دونوں حوالوں سے اہمیت رکھتا ہے، اور اگر عدالت مستقبل میں گرفتاری کے احکامات پر عملدرآمد کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ صوبائی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی لا سکتا ہے۔
مزید قانونی پیش رفت کے لیے نظریں اب کل کی سماعت پر مرکوز ہیں۔





