پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف الیکشن کمیشن کی ممکنہ کارروائی روک دی۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن میں جواب طلب کر لیا۔یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سنایا گیا۔ کیس کی سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
دورانِ سماعت جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا’’90 دن کے بعد الیکشن کمیشن کارروائی کیسے کر سکتا ہے؟‘‘الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر لاء نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ موجود ہے جس کے تحت کرپٹ پریکٹسز پر کسی بھی وقت کارروائی کی جا سکتی ہے، اس پر مدت کی کوئی پابندی نہیں۔‘‘
عدالت نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو تاحکمِ ثانی کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا اور 14 روز میں تفصیلی جواب طلب کر لیا۔
قانونی ماہرین کے مطابق، یہ فیصلہ علی امین گنڈاپور کے لیے عارضی ریلیف کی حیثیت رکھتا ہے، تاہم الیکشن کمیشن کا آئندہ مؤقف اس کیس کا رخ متعین کرے گا۔





