مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فارم 47 کی طرح خیبرپختونخوا حکومت کے سیلاب ریلیف پیکج کا بھی مطالعہ کرنا چاہیے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو محض دس ہزار روپے کی امداد کہہ دینا حقیقت سے منافی ہے، پنجاب میں 46 لاکھ سے زائد افراد اس پروگرام سے استفادہ کر رہے ہیں جبکہ سندھ میں اب تک 26 لاکھ مستحقین میں 100 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو صرف 72 ارب جبکہ بلوچستان کو محض 5 ارب روپے دیے گئے جو کہ وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مریم نواز کے حالیہ دس لاکھ روپے والے اعلان کو محض سیاسی نعرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے بیانات دے رہی ہیں جیسے کوئی انہونی بات کر دی ہو حالانکہ ماضی میں خیبرپختونخوا کی حکومت اس سے کہیں بڑھ کر اقدامات کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نصیب کی بات ہے، پنجاب کو مریم نواز ملی، خیبرپختونخوا کو بدر منیر، ایمل ولی خان
مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک جامع پیکج متعارف کرایا گیا جس کے تحت شہداء کے لواحقین کو 20 لاکھ، زخمیوں کو 5 لاکھ، تباہ شدہ گھروں، دکانوں اور راشن سمیت دیگر مدات میں متاثرین کو مالی امداد فراہم کی گئی۔





