وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمل ولی کو پاکستان سے زیادہ افغانستان سے محبت ہے۔ انہوں نے ایمل ولی کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور ناقابل برداشت قرار دیا۔
طلال چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایمل ولی کا غیر سنجیدہ انداز اور پاکستان مخالف مؤقف قابل مذمت ہے۔
طلال چودھری نے ایمل ولی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ آپ اپنے گھر کی سیٹیں بھی ہار چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمل ولی کی جماعت کو عوام نے انتخابات میں مسترد کر دیا ہے اور ایسے بیانات کے ذریعے وہ صرف سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر مملکت نے ایمل ولی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہ لپ آپ کو ایزی لوڈ اور انڈر 19 کہا جاتا ہے، آپ کو سینیٹر بنانے کے لیے پکڑ دھکڑ کر کے بلوچستان سے مدد کی گئی مگر آپ نے کبھی سنجیدگی نہیں دکھائی۔
وزیر مملکت داخلہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخصیات ملک کے لیے خدمات سرانجام دے رہی ہیں ان پر تنقید کی گئی تو سخت جواب دیا جائے گا۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ جہاں پہلے وزیراعظم کا فون نہیں سنا جاتا تھا آج وہاں پاکستان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھتے ہیں، یہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آرمی چیف کے حوالے سے ایمل ولی کے بیان پر بھی طلال چودھری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حساس اداروں پر تنقید ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر خودداری ہے تو خیبر پختونخوا کے پانی کے واجبات فوری ادا کریں، مزمل اسلم کا مریم نواز پر طنز
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے ایمل ولی کو آئندہ محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جو ملک کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں ان کے خلاف بولنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔





