ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کے سب ڈویژن سریاب میں مقیم افغان مہاجرین کو رضاکارانہ طور پر تین دن کے اندر افغانستان واپس جانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سریاب میں آباد افغان شہری اپنی دکانیں، کاروبار اور دیگر سرگرمیاں تین روز کے اندر بند کریں اور علاقہ خالی کریں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ دی گئی مہلت کے بعد بھی اگر افغان مہاجرین نے واپسی اختیار نہ کی تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ جو افغان مہاجرین رضاکارانہ طور پر واپسی چاہتے ہیں، وہ ضلعی انتظامیہ کے فوکل پرسن سے رابطہ کریں تاکہ ان کی واپسی کا عمل باضابطہ طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی ہے، اور مقامی سطح پر کریک ڈاؤن کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر ملک بھر میں جاری غیر قانونی مہاجرین کے انخلا کے عمل کا حصہ ہے، جس کا مقصد مقامی وسائل پر بوجھ کم کرنا اور سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔





