پشاور ہائیکورٹ میں آٹے کی قلت، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف درخواست دائر

پشاور :خیبرپختونخوا میں آٹےکی قلت، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے بڑھتے ہوئے مسائل کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

درخواست ایڈووکیٹ محمد حمدان نے دائر کی ہے جس میں وفاقی و صوبائی اداروں کو فریق بنایا گیا ہے، جن میں اٹارنی جنرل آف پاکستان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوااور فوڈ سیفٹی و حلال فوڈ اتھارٹی شامل ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے میں آٹے کی مسلسل کمی، قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور اشیائے خوراک کی عدم دستیابی عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

پٹیشن کے مطابق بین الصوبائی تجارت کو منظم کرنے کے لیے کوئی موثر پالیسی یا نظام موجود نہیں، جس کے باعث خوراک کی ترسیل اور فراہمی میں شدید خلل پیدا ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں،سرکاری سکول کے اساتذہ کے حوالے سے افسوسناک خبر

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کو حکم دیا جائے کہ وہ آٹے اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔

Scroll to Top