محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل ڈیٹا کا نظام لازمی قرار، کاغذی ریکارڈ پر پابندی عائد

سلمان یوسفزئی

پشاور :خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے بڑا قدم اٹھا لیا۔

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے تعلیم محمد عاصم خان نے اعلان کیا ہے کہ اب تمام تعلیمی ڈیٹا صرف ڈیجیٹل طریقے سے اکٹھا کیا جائے گا، اور دستی یا کاغذی ریکارڈ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، تمام تعلیمی دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹیگریٹڈ ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (IEMIS) کو مؤثر طریقے سے استعمال کریں اور تمام رپورٹس، اعداد و شمار اور ریکارڈ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے مرتب کیے جائیں۔

اعلامیہ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کسی دفتر کی جانب سے اس فیصلے کی خلاف ورزی یا لاپروائی سامنے آئی تو ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محمد عاصم خان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ڈیجیٹلائزیشن پالیسی کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شفاف، منظم و قابل اعتماد ڈیٹا مینجمنٹ کو ممکن بنانا ہے۔

Scroll to Top