جعلی وزیراعظم کی سربراہی میں وفاقی حکومت ملک کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، بیرسٹر سیف

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کے حالیہ بیانات پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو دہشت گردی کے اصل سہولت کار قرار دے دیا ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وفاق اپنی ناقص، کمزور اور غیر مؤثر پالیسیوں کے ذریعے دہشت گردوں کی سہولت کاری کر رہا ہے جس سے دہشت گردی ختم ہونے کے بجائے مزید پھیل رہی ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ جعلی وزیراعظم کی قیادت میں قائم وفاقی حکومت ملک کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی جعلی وزیراعظم جب وزیر اعلیٰ تھے تو دہشت گردوں سے درخواستیں کرتے تھے کہ انہیں بخش دیں،  اب ان سے دہشت گردی کے خاتمے کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت تحریک انصاف کی قیادت میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کر رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت الزامات کی سیاست میں مصروف ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت بجائے اس کے کہ دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود خیبر پختونخوا کی حکومت کی معاونت کرے وہ صرف الزام تراشی پر اکتفا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین کی برطرفی سہولت کاری نہ کرنے پر ہوئی، سہیل آفریدی اس مقصد کے لیے لائے گئے: عطا تارڑ

مشیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا کی عوام اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں، ان قربانیوں کا مذاق اُڑانا اور انہیں سیاسی حملوں کا نشانہ بنانا ہمارے شہداء کی توہین کے مترادف ہے۔

Scroll to Top