پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن مکمل ہو گیا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم نے پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنا لیے ہیں اور اب بھی اسے 162 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز ایڈن مارکرم اور ریان ریکلٹن نے کیا۔ ایڈن 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ ریان نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویان مڈلر نے 17 رنز اسکور کیے۔ ٹرسٹان سٹبز 8 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ براویس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ٹونی ڈی زورزی نے 81 رنز بنائے اور وہ سینوران کے ساتھ 6 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی طرف سے نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ساجد خان اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 378 رنز بنائے تھے۔ امام الحق اور آغا سلمان نے 93، 93 رنز بنائے، لیکن دونوں سنچری مکمل نہ کر سکے۔ شان مسعود نے 76 اور محمد رضوان نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران نے سب سے زیادہ چھ وکٹیں حاصل کیں۔ پرینیلان نے دو جبکہ ربادا اور سائمن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔





