آئین میں گورنر کے علاوہ کسی اور سے بھی حلف لینے کی گنجائش ہے،بیرسٹر سیف

آئین میں گورنر کے علاوہ کسی اور سے بھی حلف لینے کی گنجائش ہے،بیرسٹر سیف

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ گورنر کی عدم دستیابی کی صورت میں آئین میں متبادل حلف برداری کی واضح گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حلف میں تاخیر صوبائی سطح پر انتظامی خلل پیدا کر رہی ہے، جس کا فوری حل نکالنا ضروری ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے طنزیہ انداز میں گورنر خیبرپختونخوا کی مسلسل غیر موجودگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’گورنر صاحب گزشتہ ایک ہفتے سے لاپتہ ہیں۔ اگر کسی کو وہ کہیں دکھائی دیں تو برائے مہربانی انہیں گورنر ہاؤس پشاور پہنچا دیا جائے۔ اطلاعات ہیں کہ وہ ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے سندھ کے صحراؤں کا رخ کر چکے ہیں‘‘

مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ آئینی طور پر گورنر کے علاوہ بھی کسی ذمہ دار شخص سے وزیراعلیٰ کا حلف لیا جا سکتا ہے، اور چیف جسٹس کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اس مقصد کے لیے کسی اور شخصیت کو نامزد کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے اس سلسلے میں پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی حلف برداری کا یہ مسئلہ آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل ہو جائے گا۔

بیرسٹر سیف کے بیان کے بعد صوبے میں جاری سیاسی کشیدگی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ قانونی حلقوں میں بھی اس پر بحث جاری ہے کہ کیا گورنر کی عدم دستیابی میں آئین واقعی کسی متبادل راستے کی اجازت دیتا ہے۔

Scroll to Top