سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں فتنہ الخوارج کی جانب سے ایک بڑی دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔
شمالی قبائلی ضلع باجوڑ میں فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسی گاڑی کو ضبط کیا جو سیکڑوں کلوگرام بارودی مواد سے بھری ہوئی تھی اور اسے کسی سول آبادی میں دھماکے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
ذرائع کے مطابق خطرناک بارود سے بھری اس گاڑی کو فورسز نے موقع پر ہی تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں فتنہ خوارج کی جانب سے کی گئی تباہ کن منصوبہ بندی خاک میں مل گئی۔
خوش قسمتی سے کارروائی میں نہ سیکیورٹی فورسز کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی کسی شہری کی جان و مال کو کوئی گزند پہنچی۔
بارودی مواد افغانستان سے دیگر سمگل شدہ سامان کے ساتھ پاکستان منتقل کیا جا رہا تھا جس کا مقصد ملک میں دہشت گردی کو ہوا دینا تھا، سیکیورٹی اداروں نے اس کوشش کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ ایک بڑے جانی و مالی نقصان سے ملک کو بچا لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری ان کارروائیوں کا حصہ ہے جن کا مقصد ملک کو دہشت گردی کے آخری خوارج سے پاک کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میر علی میں خوارج کا خودکش حملہ ناکام، چار دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز اور عوام مل کر وطن عزیز کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔





