وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ابوظبی کمرشل بینک کے سینئر انتظامی وفد سے ملاقات کی جس میں باہمی مالی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کے معاشی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے وفد کو حکومت کی جانب سے مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے اجرا اور گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کی تجدید سے متعلق پیشرفت سے بھی وفد کو بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے حکومت کے نجکاری پروگرام، خصوصاً قومی ایئرلائن کی نجکاری میں ہونے والی تیزی سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فنانشل کلوز کے قریب ہے اور ایکزم بینک کی شمولیت کی منتظر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ملائیشیا مل کر تجارت کریں تو آئی ایم ایف کو خیرباد کہا جاسکتا ہے،وزیراعظم
محمد اورنگزیب نے ابوظبی کمرشل بینک پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری پر غور کرے، ان کا کہنا تھا کہ بینک تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔





